تہران: ایران پاسداران انقلاب گارڈز کی خاتم الانبیا فورس کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی جارحیت اور قبضے کا نتیجہ امریکی فوجیوں کی ذلت آمیز قید ہوگی۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ابراہیم ذوالفقاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے کئی بار ایران کو زمینی کارروائی اور خلیج فارس کے جزائر پر قبضے کی دھمکی دی، ایسی کوئی بھی کوشش ہوئی تو امریکی کمانڈروں اور فوجیوں کو خلیج فارس کی شارک مچھلیوں کی خوراک بنا دیا جائے گا۔
ترجمان خاتم الانبیا فورس نے کہا صدر ٹرمپ صرف طاقت کی زبان ہی سمجھتے ہیں، ٹرمپ امریکا، یورپ اور خصوصاً ایشیائی ممالک کو بڑا نقصان پہنچا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی دہشتگرد تنظیم موساد کے دباؤ میں آکر نیتن یاہو کے ہاتھوں مہرہ بننے والے ٹرمپ دنیا میں سب سے زیادہ جھوٹ بولنے والے صدر ہیں، وہ اپنے غیر مستحکم خیالات اور بیانات کی وجہ سے قابل اعتماد نہیں۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمدباقرقالیباف نے کہا کہ امریکا سفارتی کوششوں کو زمینی کارروائی کی تیاری چھپانےکےلیے استعمال کررہاہے۔
انہوں نے ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی پیشقدمی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان آپ کا انتظار کررہےہیں۔