اسلام آباد: مشرق وسطیٰ کے امن کے لیے اہم وزرائے خارجہ اجلاس اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں آج ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی تاکہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے اور قیام امن کے لیے حکمت عملی وضع کی جا سکے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزرائے خارجہ کا استقبال کیا جبکہ اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی وزیر خارجہ فرحان بن فیصل خصوصی طیارے کے ذریعے نور خان ائیر بیس پہنچے۔
سعودی وزیر خارجہ کا یہ دورہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
چاروں وزرائے خارجہ نے اجلاس میں مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی، قیام امن اور خطے میں پائیدار تعلقات کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کا پہلا راؤنڈ مکمل ہوگیا اور اگلا راؤنڈ جلد منعقد ہوگا جس میں دی گئی تجاویز پر پیش رفت اور تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ میں ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فدان اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی کشیدہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر اہم مشاورت کی گئی۔
ترک وزیر خارجہ ہاکان فدان سے ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور مضبوط تعلقات کو اجاگر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے روابط مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔