اسلام آباد: حکومت پاکستان نے خلیجی تیل کے جاری بحران کے پیش نظر ملک بھر میں ہفتہ وار دو روزہ مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ اقدام کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے ذریعے کیا گیا۔
کابینہ سیکرٹریٹ، کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے 9 اور 14 مارچ 2026 کے نوٹیفکیشنز کے تسلسل میں مزید اقدامات کی منظوری دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 4 اور 5 اپریل 2026 سے ہر ہفتے ہفتہ اور اتوار کو ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔لاک ڈاؤن ہفتہ کی رات 12 بج کر ایک منٹ (0001 گھنٹے) سے شروع ہو کر اتوار کی رات 11 بج کر 59 منٹ (2359 گھنٹے) تک جاری رہے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کا اطلاق تمام کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں پر ہوگا، جن میں صنعتی اور خدمات کے شعبے بھی شامل ہیں۔لاک ڈاؤن کے دنوں میں کسی بھی قسم کی شادی یا دیگر تقریبات کی اجازت نہیں ہوگی، نہ ہی کسی عوامی یا کمرشل مقام پر ایسی سرگرمی ہو سکے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام مارکیٹیں بند رہیں گی، تاہم ہسپتالوں، فارمیسیوں اور دیگر ضروری عوامی خدمات کو کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔ ان میں ہوائی اڈے، بندرگاہیں اور ریلوے اسٹیشن بھی شامل ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ بین الاضلاعی موٹر ویز، شاہراہیں اور سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہیں گی، تاہم پبلک ٹرانسپورٹ بسوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔
صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی ہے کہ دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی فوری رجسٹریشن مالکان کے نام پر یقینی بنائی جائے تاکہ ہدفی سبسڈی فراہم کی جا سکے۔