کراچی پلازہ جل کر راکھ، عمارت گرنے کا خدشہ، فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق، 30 زخمی

کراچی (اپنے رپورٹر سے) شہر قائد میں ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ لگنے سے فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہو گئے، کئی افراد پلازے میں پھنسے ہوئے ہیں، عمارت کے تین حصے زمین بوس ہو چکے ہیں، سندھ رینجرز اور پاک بحریہ سمیت تمام متعلقہ ادارے ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی اموات دم گھٹنے سے ہوئی، مرنے والوں کی شناخت 40 سالہ کاشف، 55 سالہ فراز، 30 سالہ عامر، 28 سالہ عامر اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے، آگ لگنے کے باعث زخمی اور بے ہوش ہونے والوں کی تعداد  30 سے زائد ہوگئی جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے 11 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

کراچی کے چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے کہا ہے کہ یہ تیسرے درجے کی آگ ہے، ہمارا ایک فائر فائٹر فرقان علی شہید ہو چکا ہے، کولنگ کے عمل میں تین سے چار دن لگ سکتے ہیں، آخری چنگاڑی تک بجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، آگ پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا تھا، عمارت کا ایک حصہ گرنے سے دھماکہ ہوا اور آگ بے قابو ہو گئی۔

 فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ آگ کی شدت میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے، آگ نے مزید کئی دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا، 20 سے زائد گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ اسنارکل کی مدد سے لوگوں کو پلازے سے باہر نکالا جا رہا ہے۔

فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کرلی، جس کے بعد نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق عمارت میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، شاپنگ پلازہ میں کئی افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے، آگ شاپنگ پلازہ کے میزنائن فلور پر لگی ہے، شاپنگ پلازہ گراؤنڈ، میزنائن پلس 2 فلور پر مشتمل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے