اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملوں کی کوشش کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ تاہم تباہ کیے گئے ڈرونز کا ملبہ مختلف علاقوں میں گرنے سے چند شہری زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 مارچ 2026 کو افغان طالبان نے پاکستان میں خوف و ہراس پھیلانے کی نیت سے ابتدائی نوعیت کے چند ڈرونز استعمال کیے۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے سافٹ اور ہارڈ کِل طریقوں کے ذریعے ان ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کر دیا، جس کے باعث وہ اپنے ممکنہ اہداف تک پہنچنے میں ناکام رہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تباہ کیے گئے ڈرونز کا ملبہ گرنے سے کوئٹہ میں دو بچے جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں ایک ایک شہری زخمی ہو گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ یہ حملے عوام میں خوف اور عدم تحفظ پیدا کرنے کی ایک کوشش تھے، جو افغان طالبان کی دہشت گرد ذہنیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ افغان طالبان ایک طرف عالمی سطح پر ہمدردی حاصل کرنے کے لیے خود کو متاثرہ فریق ظاہر کرتے ہیں، جبکہ دوسری جانب اپنے پراکسی عناصر اور ڈرونز کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔