مغربی عراق میں امریکی جدید ری فیولنگ طیارہ گر کر تباہ

بغداد (ویب ڈیسک) مغربی عراق میں امریکی فضائیہ کے ایک ری فیولنگ طیارے کے گر کر تباہ ہونے کی خبر سامنے آئی ہے، جس کے بعد خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی فضائیہ کا KC-135 طیارہ مغربی عراق میں حادثے کا شکار ہوا جس میں چھ افراد پر مشتمل عملہ سوار تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے بعد عملے کی حالت کے بارے میں فوری طور پر کوئی تصدیق شدہ معلومات سامنے نہیں آ سکیں اور ان کی صورتحال بدستور نامعلوم بتائی جا رہی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے CBS News نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اپنے عروج پر ہے اور امریکی و اسرائیلی فوجی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

اسی سلسلے میں ایک اور KC-135 ری فیولنگ طیارہ بھی حملے کی زد میں آنے کی اطلاع ہے، تاہم یہ طیارہ شدید نقصان کے باوجود اسرائیل میں بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

امریکی KC-135 طیارے فضائیہ کے اہم ترین اسٹریٹجک طیاروں میں شمار ہوتے ہیں جو فضاء میں دوسرے جنگی طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس طرح کے طیارے کسی بھی بڑے فوجی آپریشن میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ ان کی مدد سے جنگی طیارے طویل فاصلے تک بغیر زمین پر اترے کارروائیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔

دوسری جانب خطے میں سرگرم مختلف عسکری گروہوں اور مزاحمتی تنظیموں کی جانب سے بھی فوری طور پر اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ مغربی عراق کا علاقہ اسٹریٹجک اعتبار سے انتہائی حساس سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہاں امریکی فوجی نقل و حرکت، ڈرون سرگرمیوں اور فضائی آپریشنز کے لیے اہم فضائی راستے موجود ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ اگر یہاں کسی امریکی فوجی طیارے کو نقصان پہنچا ہے تو اس کے اثرات صرف ایک حادثے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس کے وسیع عسکری اور سیاسی مضمرات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے