بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران سے متعلق بیان پر ردعمل آگیا اور کہا کسی بھی ملک کےمعاملات میں بیرونی مداخلت کےمخالف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کسی بھی ملک کے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت کے سخت خلاف ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال یا دھمکی کو تسلیم نہیں کرتے۔ امریکی صدر نے ایرانی مظاہرین کے لیے پیغام دیا تھا کہ وہ احتجاج جاری رکھیں اور "جلد مدد آرہی ہے”۔
چین کے بیان سے عالمی سطح پر اس بات کی نشاندہی ہوئی ہے کہ بیجنگ بین الاقوامی تعلقات میں طاقت یا دباؤ کے ذریعے اثراندازی کی مخالفت کرتا ہے اور کسی بھی ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت کو جائز نہیں سمجھتا۔
یاد رہے صدر ٹرمپ نے مظاہرین کے قتل پر ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مدد جلد پہنچ رہی ہے، جبکہ ان کی ٹیم فوجی اور غیر فوجی اقدامات پر غور کر رہی ہے۔
عرب حکام نے بھی خدشہ ظاہر کیا کہ حملے سے ایران میں "رالی اراونڈ دی فلیگ” اثر پیدا ہو سکتا ہے، یعنی قومی بحران کے دوران عوامی حمایت میں اضافہ ہو جائے۔
خیال رہے ایران میں دو ہفتوں سے جاری پُرتشدد مظاہروں کا سلسلہ رک گیا اور ایران میں احتجاج کا سلسلہ رکنے کے بعد حالات معمول پر آنے لگے۔
انٹرنیشنل کالز بحال کردی گئيں تاہم انٹرنیٹ سروس ابھی بند ہے، برطانوی میڈیا کا کہنا ہےمظاہروں کے باوجود حکومت گرنےکےآثارنہیں اور ایران کی اعلیٰ ترین سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ میں بھی دراڑوں کے کوئی آثار نہیں۔