دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)ترجمان یو اے ای وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ہم اب تک ایران کے 175 میزائل تباہ کرچکے ہیں جو زیادہ تر سمندر میں گرے، ایران کے میزائل حملوں میں 3 افراد جاں بحق اور 68 زخمی ہوئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع، وزارت خارجہ، معیشت اور نیشنل ایمرجنسی اتھارٹی کے حکام نے پریس بریفنگ دی ہے۔پریس بریفنگ میں اماراتی حکام کی جانب سے میزائلوں کا تباہ ملبہ بھی پیش کیا گیا ہے۔
اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنی خود مختاری کی حفاظت کرتے ہوئے جنگی تیاری کو برقرار رکھا ہے، ہمارے جنگی طیارے خود مختاری کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جس سے املاک کو نقصان ہوا، میزائل اور ڈرون حملوں کو روکنا ہماری عسکری طاقت کا ثبوت ہے۔
ترجمان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ملکی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہمارا جو بھی نقصان ہوا ہے وہ میزائل یا ڈرون لگنے سے نہیں ملبہ گرنے سے ہوا ہے، ہماری سرزمین پر کوئی بھی میزائل براہ راست نہیں گرا بلکہ ملبہ گرا ہے، ہمارے ڈیفنس سسٹم نے تمام میزائل اور ڈرونز کو بروقت روکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس طویل عرصے تک میزائل اور ڈرون تباہ کرنے کے ذخائر موجود ہیں، ایرانی کارروائی کے بعد یو اے ای میں ہنگامی اقدامات تیز کردیے گئے ہیں