تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) سپاہِ پاسدارانِ انقلاب اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے سمندری علاقے میں امریکی فوجی تنصیبات اور ان کے اتحادی اہداف پر بڑے پیمانے پر حملے کیے گئے ہیں۔
ایرانی بیان کے مطابق ’’آپریشن وعدہ صادق 4‘‘ کے بارہویں مرحلے میں 26 ڈرون طیاروں اور 5 بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے کارروائی کی گئی۔رپورٹ کے مطابق کویت میں واقع امریکی فوجی اڈے ’’عریفجان‘‘ پر 12 ڈرونز سے دو مرحلوں میں حملہ کیا گیا۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات کے فوجی اڈے ’’المنہد‘‘ پر 6 ڈرونز اور 5 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے جن کا ہدف امریکی کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز بتائے جاتے ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ بحرین میں موجود امریکی بحری اثاثوں کو 6 ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔
خلیج فارس میں امریکی اتحادی سمجھے جانے والے تیل بردار جہاز ’’ایتھن نووا‘‘ پر بھی 2 ڈرون حملے کیے گئے جس کے بعد جہاز میں آگ بھڑک اٹھی اور آگ ابھی تک مکمل طور پر بجھائی نہیں جا سکی۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں خطے میں امریکی فوجی موجودگی کے خلاف طاقت کا مظاہرہ ہیں۔