ٹرمپ ایرانی میزائل پروگرام کے بارے میں جھوٹ بول رہے ہیں، ایرانی وزارت خارجہ

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت خارجہ ایران کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا اور اسرائیلی حکومت پر ایران کے خلاف منظم غلط معلومات اور گمراہ کن پروپیگنڈا مہم چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ واشنگٹن اور اسرائیلی حکومت ایران کے جوہری پروگرام، بیلسٹک میزائل صلاحیت اور جنوری میں ہونے والے احتجاجی واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد سے متعلق مسلسل بے بنیاد اور جھوٹے دعوے دہرا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان الزامات کا مقصد عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنا اور ایران کے خلاف منفی فضا قائم کرنا ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ پیشہ ور جھوٹے سچ کا تاثر پیدا کرنے میں مہارت رکھتے ہیں اور جھوٹ کو بار بار دہرا کر اسے حقیقت کا روپ دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہی پروپیگنڈا طریقہ ہے جسے نازی قیادت نے اپنایا تھا، اور اب اسی طرز کو امریکی انتظامیہ اور اس کے حامی عناصر، بالخصوص اسرائیلی حکومت، ایران کے خلاف منظم مہم میں استعمال کر رہے ہیں۔

ایرانی ترجمان نے زور دے کر کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام، بیلسٹک میزائل صلاحیت اور جنوری کے ہنگاموں میں ہلاکتوں سے متعلق عائد کیے جانے والے تمام الزامات محض “بڑے جھوٹ” کی تکرار ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ عالمی برادری کو ان نمایاں اور بے بنیاد دعوؤں سے دھوکا نہیں کھانا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے