پاکستان بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا اور یہ دہشت گرد جہاں بھی ملیں گے، انہیں کچل دیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو سرحدوں پر انتظامی امور، فارمیشنز کی تعیناتی اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے جوانوں اور افسران کے پیشہ ورانہ جذبے کو سراہا اور انہیں ہدایت کی کہ مختلف خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ تربیت اور بھرپور آپریشنل تیاری برقرار رکھی جائے۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی حمایت اور سکیورٹی فورسز کی کوششوں سے دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دی جائے گی۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے عوام، سکیورٹی فورسز کے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ان کی قربانیوں کو سراہا۔

دورے کے آغاز پر کمانڈر پشاور کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے